پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں بری و بحری افواج کے ساتھ ساتھ ایف-سی کے جوان دن رات ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج اور ایف سی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی اور ایف سی کے جوان ریلیف کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں آرمی کے 2 ہیلی کاپٹر کراچی سے لسبیلہ اور اوتھل روانہ کیے گئے ہیں، یہی ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث متاثرہ علاقوں کی جانب پہلے روانہ نہیں کیے جا سکے تھے، مذکورہ ہیلی کاپٹر سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں گے، نیز ضروری امدادی سامان بھی منتقل کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی او سی نے گوادر میں ریلیف اور ریسکیو کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کی۔ علاوہ ازیں متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹر اور پیرامیڈیکس اسٹاف متاثرین کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔
ڈی جی خان میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوجی دستوں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، متاثرہ افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے 2 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ کراچی میں سیلابی پانی نکالنے کی کوششوں سمیت جامشورواور گھارو میں بھی پاک فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دوسری طرف پاک بحریہ کی جانب سے بھی حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ ریلیف آپریشن کے دوران سول انتظامیہ کی مسلسل معاونت کررہا ہے، زمینی راستہ منقطع ہونے کی وجہ سے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے مختلف علاقوں میں راشن اور دیگر ضروری سامان پہنچایا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
Leave feedback about this