گزشتہ شب ایران کے صوبے فارس کے شہر شیراز میں شاہ چراغ کے مزار پر دہشت گردوں کے حملے میں 15 زائرین شہید ہو گئے۔
غیر ملکی نشریاتی اطلاعات کے مطابق دہشت گردی کا واقعہ ایران کے صوبہ فارس کے دارالحکومت شیراز میں پیش آیا، جہاں امام زادہ احمد بن امام موسیٰ کاظم کے مزار کو نشانہ بنایا گیا، امام زادہ احمد کا روضہ شاہ چراغ کے نام سے معروف ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مزار کے اندر داخلے کے بعد زائرین پر اندھا دھند فائرنگ کا آغاز کر دیا جس کے نتیجے میں 15 زائرین موقع پر شہید ہو گئے۔
نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے، فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فی الفور کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موقع سے گرفتار کر لیا جبکہ تیسرے دہشت گرد کی تلاش تاحال جاری ہے۔
اِدھر پاکستان نے ایران میں شاہ چراغ کے مزار پر دہشت گردوں کے حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ عبادت گاہ پر دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں، پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
Leave feedback about this