اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں، مسائل کے حل سے متعلق تنظیم کا وزیراعظم کو نائب صدارت دینے کا اعلان پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں، مسائل کے حل سے متعلق تنظیم کا وزیراعظم کو نائب صدارت دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں اور مسائل کے حل سے متعلق تنظیم نے نائب صدارت دینے کا اعلان کیا ہے، اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہو گا۔

اس کے علاوہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو “سی۔او۔پی۔27” اجلاس کی مشترکہ صدارت کی پیشکش بھی کی ہے، وزیراعظم پاکستان، ناروے کے وزیراعظم اور مصر کے صدر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

واضح رہے کہ ‘کانفرنس آف پارٹیز’ (سی۔او۔پی۔27) کا اجلاس مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں 6 سے 18 نومبر کو ہو گا، اجلاس میں عالمی سربراہان، حکومتوں کے سربراہ، عالمی مالیاتی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذمہ دار شرکت کریں گے

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے یہ 27 واں اجلاس ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پراثر آواز پر انہیں یہ منصب دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر مؤثر آواز اٹھائی تھی، ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ کو ‘ایس۔سی۔او’ تنظیم کی سطح پر اٹھانے کی وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز کی دوسرے ملکوں نے تائید کی تھی، اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اور حکومت کی کونسل کے اجلاس میں بھی یہی بات کی گئی تھی، یہ اجلاس 15 سے 16 ستمبر کو سمر قند میں ہوا تھا۔

اس بڑے عالمی اعزاز کے ملنے پر وزیراعظم نے ٹویٹ کے ذریعے آئندہ ماہ مصر میں منعقد ہونے والی سی او پی۔27 گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی دعوت پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا ہماری تہذیب اور ترقی کے لیے خطرے کا باعث بننے والے ماحولیاتی امتحان کی شدت کو تسلیم کر رہی ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

Exit mobile version