پاکستان تازہ ترین

اسلام آباد: ارشد شریف کی میت سرد خانے منتقل، اسپتال کے باہر پولیس تعینات، نماز جنازہ کل ادا ہو گی

اسلام آباد: مقتول صحافی ارشد شریف کی میت اسلام آباد میں سرد خانے منتقل کر دی گئی، اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ سینئر صحافی کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی۔

کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی، ارشد شریف کی میت نجی ایئرلائن کے ذریعے کینیا سے براستہ دوحہ اور پھر اسلام آباد کے عالمی ہوائی اڈے پر پہنچائی گئی جہاں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میت کو وصول کیا، میت وصولی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر مقتول ارشد شریف کے گھر والے، پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری، مراد سعید اور دیگر صحافی موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی نماز جنازہ کل جمعرات کو دوپہر 2 بجے فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی، جبکہ ایچ الیون قبرستان میں اُن کی تدفین کی جائے گی۔

اس سے قبل ایئرپورٹ پر میت پہنچنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم اور لہجہ غمزدہ تھا، ارشد شریف کے اہل خانہ غم سے چور نظر آرہے تھے۔

ذرائع کے مطابق سینیئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کا پاکستان میں بھی پوسٹ مارٹم کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ارشد شریف کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس اور انتظامیہ پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے انتظامات کرے گی، اس سلسلے میں ڈاکٹروں کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دی جائے گی، ارشد شریف کی والدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے دوران سینیئر سرجن بھی موجود ہوں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ارشد شریف کی گاڑی پر کینیا کے شہر نیروبی کی مرکزی شاہراہ پر پولیس نے غلط فہمی کی بنا پر گولیاں برسا دی تھیں جس کے نتیجے میں دو گولیاں اُن کے سر میں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

کینیا کی پولیس نے اپنی اس خطا کا اعتراف کیا اور بتایا کہ علاقے میں ایک گاڑی چھینے جانے اور بچے کے اغواء کی وجہ سے سکیورٹی سخت تھی، جب گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ڈرائیور نے رفتار بڑھا دی، جس پر تعاقب کے دوران اہلکاروں نے فائرنگ کی۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image