پاکپتن (روزنگر): وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی نجی دورہ پر آج پاکپتن آمد ہوئی، جہاں انھوں نے دربار بابا فریدؒ پر حاضری دی۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی آج نجی دورہ پر پاکپتن پہنچے، جہاں دربار بابا فریدؒ آمد پر دیوان عثمان فرید چشتی نے ان کا استقبال کیا، پرویز الہیٰ نے دربار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیر اعلی کی آمد پر ضلعی انتظامیہ نے سینکڑوں کاروباری مراکز وزیراعلیٰ کی آمد سے 7 گھنٹے پہلے ہی زبردستی بند کروا دیے، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر عارضی رکاوٹیں لگا کر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، دور دراز سے درگاہ بابا فریدؒ پر آئے زائرین حاضری کی سعادت سے محروم رہے، ۔سیکورٹی خدشات کے پیش نظر مزار شریف پر زائرین کا داخلہ مکمل بند رکھا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے ساتھ پولیس نے نازیبا رویہ اختیار کیا، جس پر صحافیوں نے دربار کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور پولیس گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی، وزیراعلی پنجاب نے صحافیوں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی پر احتجاج مؤخر کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، دربار پر آنے والے زائرین کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ دربار بابا فریدؒ سمیت شہر کی سہولیات کے لیے 20 کروڑ روپے کا خطیر عطیہ دیا جائے گا۔
Leave feedback about this