پاکستان

بدلتی سیاسی صورتحال، متحدہ کا تمام ارکان اسمبلی، سینیٹروں کو کل کراچی پہنچنے کا حکم

کراچی سمیت ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوا ایم) نے تمام ارکان اسمبلی کو کل کراچی بلا لیا، کنوینیئر خالد مقبول صدیقی نے سینیٹروں کو بھی فوری پہنچنے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مطابق کنوینیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،  سینیٹروں، وزرا کو کل کراچی میں ہنگامی طور پر پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی۔

ہدایت میں کہا گیا ہے کہ تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ ممبران فوری طور پر اپنی ہر قسم کی مصروفیات ترک کر کے اتوار کے دن کراچی پہنچ جائیں، کیونکہ پارٹی کی جانب سے اتوار کو اہم ترین ہنگامی اجلاس متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت نے اتوار کو اجلاس باہمی مشاورت کے لیے بلایا ہے، کیونکہ حکومت کی طرف سے وعدوں اور معاہدوں پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے، چنانچہ اب وقت تیزی کے ساتھ گزر رہا ہے، حکومت کے سامنے تمام گزارشات رکھی گئی ہیں لیکن کسی پر کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ کا کہنا ہے کہ معاہدے میں کچھ مطالبات ایسے تھے جنھیں صرف 15 منٹ میں بھی حل کیا جا سکتا ہے، لیکن ان سے متعلق ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے اور بلا ضرورت لٹکایا جا رہا ہے، جس کے بعد اب ایم کیو ایم کی قیادت کی طرف سے بڑا فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ غور طلب بات یہ ہے کہ متحدہ نے ضمنی انتخابات والے دن اجلاس طلب کیا ہے، اور اسی روز اہم فیصلے کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر ضمنی انتخابات میں اتحادی حکومت کی کارکردگی بری رہتی ہے تو متحدہ قومی موومنٹ  کی طرف سے  ملکی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی لانے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا ہے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image