Roze News پاکستان والدین سے ملنے سعودی عرب سے پاکستان آیا ہوا نوجوان اغوا کے بعد قتل، کزن ہی قاتل نکلا
پاکستان تازہ ترین

والدین سے ملنے سعودی عرب سے پاکستان آیا ہوا نوجوان اغوا کے بعد قتل، کزن ہی قاتل نکلا

والدین سے ملنے سعودی عرب سے پاکستان آیا ہوا نوجوان اغوا کے بعد قتل، کزن ہی قاتل نکلا

والدین سے ملنے سعودی عرب سے پاکستان آیا ہوا نوجوان اغوا کے بعد قتل، کزن ہی قاتل نکلا

کراچی میں 23 سالہ زین العابدین کو مبینہ طور پر کزن نے جھگڑے کے دوران قتل کیا، واردات کو اغوا برائے تاوان کا رنگ دینے کیلئے والدین سے 7 لاکھ روپے مانگے گئے، اہل خانہ کو دھمکانے کیلئے نوجوان کا کٹا ہوا ہاتھ بھی بھیج دیا، پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے لاش برآمد کرلی

سعودی عرب سے والدین سے ملاقات کیلئے پاکستان آنے والے نوجوان کو کراچی میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا، مقتول کا اپنا کزن ہی مبینہ قاتل نکلا، ملزمان نے قتل کی واردات کو اغوا برائے تاوان کا رنگ دینے کیلئے اہل خانہ سے 7 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں مقتول کے کزن سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرکے نوجوان کی لاش برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن سے 14 اکتوبر کو لاپتا ہونے والے 23 سالہ زین العابدین کی لاش گلشن حدید کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی ہے۔ مقتول سعودی عرب میں درزی کا کام کرتا تھا اور حال ہی میں اپنے والدین سے ملاقات کیلئے پاکستان آیا تھا۔

پولیس کے مطابق زین العابدین 14 اکتوبر کو موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا تھا تاہم واپس نہیں آیا، جس پر اہل خانہ نے تلاش شروع کی اور بعد ازاں اسٹیل ٹاؤن تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔

مقتول کے والد محمد خان کے مطابق بیٹے کے لاپتا ہونے کے بعد نامعلوم افراد نے رابطہ کرکے اس کی رہائی کے بدلے 7 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ اہل خانہ رقم لے کر اغوا کاروں کی بتائی گئی جگہ پہنچے تاہم وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔

والد نے بتایا کہ ملزمان نے ان کے بیٹے کی چپل اور موبائل فون بھی گھر کے باہر پھینک دیے تھے اور مسلسل قتل کی دھمکیاں دے رہے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق اغوا کاروں نے اہل خانہ پر دباؤ ڈالنے کیلئے سفاکی کی انتہا کرتے ہوئے ایک کٹا ہوا انسانی ہاتھ بھی بھجوایا، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر شناخت کی تصدیق کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کو بھیج دیا۔

واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتول کے کزن فیصل کو حراست میں لیا، جس نے پولیس کے مطابق دوران تفتیش زین العابدین کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

پولیس نے ایک اور مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لینے کی اطلاع دی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ زین العابدین اور اس کے کزن فیصل کے درمیان ایک لڑکی کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔ واقعے کے وقت دونوں کے ساتھ ایک لڑکی بھی موجود تھی، جہاں مبینہ طور پر ویڈیو بنانے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران فیصل نے مبینہ طور پر زین العابدین پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کے بعد ملزمان نے لاش کو بوری میں بند کرکے سنسان مقام پر پھینک دیا اور واردات کو اغوا برائے تاوان ظاہر کرنے کی کوشش کی تاکہ اصل واقعے سے توجہ ہٹائی جا سکے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر نوجوان کی لاش برآمد کی گئی، جبکہ واقعے کے محرکات اور دیگر ممکنہ طور پر ملوث افراد کے کردار کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس لڑکی کے کردار اور جھگڑے کے اصل حالات سے متعلق بھی معلومات حاصل کر رہی ہے، جبکہ واقعے میں ملوث تمام افراد کی ذمہ داری کا حتمی تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ زین العابدین روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھا اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے پاکستان واپس آیا تھا، تاہم وطن واپسی کے چند روز بعد ہی اسے قتل کر دیا گیا۔

Exit mobile version