ان کے خلاف اگر کوئی کیس ہوگا تو سامنا کریں گے ورنہ چھوڑ دیا جائےگا، گورنر خیبرپختونخوا کی سہیل آفریدی کے حفاظتی تحویل میں ہونے کی تصدیق
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے زیرحراست ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کا سٹیٹس آف لائن ہے اور اس وقت وہ حراست میں ہیں، ان کے خلاف اگر کوئی کیس ہوگا تو سامنا کریں گے ورنہ چھوڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے سرکس کو ریجیکٹ کردیا ، عوام نے ردعمل نہیں دیا بلکہ یوم نجات منایا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، آج ان کا کنٹینر لاوارث کھڑا ہے، میڈیا پر سنا تھا کہ لوگوں نے آنا ہے تو میں انتظار میں تھا کہ گورنر ہائوس کا گھیراو کرنے والے آئیں گے، ہم نے خاطر تواظع کا انتظام کیا ہوا تھا لیکن کسی نے نہ دیوار پھلانگی اور نہ دروازہ کھٹکھٹایا، عوام نے 13 سالہ مصیبت کو ریجیکٹ کیا، ایک نئے سفر کا ہم نے آغاز شروع کیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف بیان نہیں دیا، کوئی بڑا چھوٹا نہیں، جس نے کبھی کرپشن کی ہے اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ اور فوکس امن اور ترقی پر ہے۔ پچھلے دنوں جو سرکس تھا، اسے مسترد کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پی ٹی آئی کا کنٹینر لاوارث کھڑا ہے، انتظار میں ہوں کوئی آکر لے جائے، ہم نے ایک نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔ ہماری پہلی ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ ہے، سیکیورٹی فورسز کو جو وسائل درکار ہیں فراہم کریں گے۔ پولیس کے جوانوں کو ہتھیاروں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وہ زمانے گئے جب وفاق اور صوبیمیں کوئی رابطہ نہیں تھا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری پالیسیز اسلام آباد سے آئیں گی، قندھار اور جلال آباد سے نہیں، محسن نقوی نے باور کرایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی ضروریات پوری کریں گے۔
