ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب اور یمنی حوثیوں کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش کردی۔ سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک گفتگو میں عباس عراقچی نے مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کی۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ کشیدگی اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کی۔ حالیہ حوثی جارحیت کے بعد یہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان پہلی بات چیت ہے۔
واضح رہے کہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں ایک پاکستانی شہری شہید جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حملے کے بعد ایئرپورٹ کے ٹرمینل فورمیں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا۔
دو روز قبل بھی کنگ خالد ایئرپورٹ پرحملے میں 13 افراد جاں بحق اور 309 زخمی ہوئے تھے،جاں بحق افراد میں بنگلادیش کے ایک مفتی سمیت مصر،اردن، فلسطین، شام، سوڈان، امریکا اور بھارت کے شہری شامل تھے۔
