فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل سے سمندری طوفان ایسیاس ٹکرانے کے بعد 2 افراد ہلاک، جبکہ فلوریڈا، الاباما اور جارجیا میں 8 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔
حکام کے مطابق ساحل سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت میں تیزی سے کمی آئی اور یہ بعد از استوائی چکر میں تبدیل ہو گیا، فلوریڈا اور الاباما میں درخت گرنے کے واقعات کے باعث ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ تیز ہواؤں، اچانک سیلاب اور بگولوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
الاباما کی ہیوسٹن کاؤنٹی میں درخت اور بجلی کی تاریں گرنے کے باعث تمام سڑکیں اگلے حکم تک بند کر دی گئیں، حکام متاثرہ علاقوں میں آمدورفت بحال کرنے اور مزید نقصانات سے بچاؤ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی اولین ترجیح ہے، امدادی ٹیمیں سڑکوں، پلوں اور ہوائی اڈوں کو دوبارہ کھولنے اور نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ طوفان کی شدت میں کمی کے باوجود اچانک سیلاب، تیز ہواؤں اور دیگر ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاط برقرار رکھیں۔
