عمران خان کے لیے بدترین دشمن سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں، علی محمد خان پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

عمران خان کے لیے بدترین دشمن سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں، علی محمد خان

عمران خان کے لیے بدترین دشمن سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں، علی محمد خان

عمران خان کے لیے بدترین دشمن سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں، علی محمد خان

حکومت اور اپوزیشن کو غیر مشروط مذاکرات دوبارہ شروع کرنے چاہئیں کیونکہ سیاسی مسائل کا حل تصادم نہیں بلکہ بات چیت ہے، میڈیا سے گفتگو

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے اپنے بدترین دشمن سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہیں، حکومت اور اپوزیشن کو غیر مشروط مذاکرات دوبارہ شروع کرنے چاہئیں کیونکہ سیاسی مسائل کا حل تصادم نہیں بلکہ بات چیت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کی رہائی تحریک انصاف کا بنیادی مطالبہ ہے۔

بانی پی ٹی آئی تک رسائی بحال کی جائے، ان کی ہسپتال منتقلی یقینی بنائی جائے اور زیر التوا مقدمات کی سماعت شروع کی جائے۔ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عمل درآمد سے سیاسی کشیدگی میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات میں شرائط عائد کرنے کے بجائے سیاسی لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بات چیت کا عمل وہیں سے دوبارہ شروع کرنا چاہیے جہاں تعطل پیدا ہوا تھا۔

علی محمد خان کے مطابق مذاکرات میں تقریباً 90 فیصد پیش رفت ہو چکی تھی، تاہم سکیورٹی امور پر ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمٰن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے سیاسی مذاکرات کی بحالی کے لیے راستہ نکال سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے معاملے کو سیاسی مذاکرات سے الگ رکھا جائے۔

انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور دفاعی اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی سفارشات کی روشنی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پالیسی مرتب کی جائے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔ علی محمد خان نے بتایا کہ مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرانے کے لیے متعلقہ قیادت سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور ملک میں استحکام کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

Exit mobile version