راولپنڈی : پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب بھر سے راولپنڈی بلائی گئی پولیس نفری کو مبینہ طور پر غیر معیاری کھانا فراہم کیے جانے کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل میں دکھا جا سکتا ہے کہ تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں ایک اسکول میں ٹھہرائی گئی پولیس نفری کے ناشتے میں سے کیڑے نکل رہے ہیں۔
ناشتے میں فراہم کی گئی دال میں کیڑے دیکھ کر پولیس اہلکار حیران رہ گئے اور انہوں نے کھانے کی ویڈیوز بنانا شروع کردی ۔ ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو ناشتے میں موجود دال دکھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ غیر معاری کھانے پراہلکاروں کی جانب سے تشویش اور غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
کچھ دن قبل بھی پاکستان تحریکِ انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کو روکنے کے لیے تعینات پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر غیر معیاری، باسی اور بدبو دار کھانا فراہم کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔
اٹک پل پر ناکے اور سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور پنجاب پولیس کے جوان نے مقامی انتظامیہ کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جسکتا تھا کہ برہم پولیس اہلکاروں نے باسی سالن دکھاتے ہوئے کہا کہ چنوں سے بدبو آ رہی ہے، نہ تو روٹی ٹھیک سے دی جا رہی ہے اور نہ ہی پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا ہے، نہ ہی واش روم کی سہولت موجود ہے، ہم تو ذلیل و خوار ہوکر رہ گئے ہیں۔
