تہران: ایران میں غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ڈالر اپنی بڑھتی ہوئی قدر کے ساتھ دو لاکھ 60 ہزار تومان کے قریب پہنچ گیا۔غیر ملکی کرنسیوں اور سونے کی لمحہ بہ لمحہ قیمتیں جاری کرنے والی ویب سائٹس کے مطابق دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
یورو کی قدر چار ہزار تومان بڑھ گئی اور یہ دو لاکھ 90 ہزار تومان پر ٹریڈ ہوا، کرنسی کی قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے مرکزی بینک نے مارکیٹ میں دو ارب ڈالر مالیت کے نوٹ فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔
مرکزی بینک کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک ارب ڈالر ملک بھر میں بینکوں کی منتخب شاخوں اور ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے مارکیٹ میں لائے جائیں گے، ایران کی قومی کرنسی کی قدر میں حالیہ ہفتوں کے دوران مزید کمی دیکھی گئی ہے۔یہ صورتحال امریکا کے اقتصادی دباؤ کے منصوبے کے آغاز اور ایران کے خلاف جاری بحری محاصرے کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
