پہلا پڑاؤ کرک اور 5 اکتوبر کو دوسرا پڑاؤ کوہاٹ میں ہوگا، اس کے بعد لانگ مارچ ضلع پشاور داخل ہوگا، وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان
وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان نے پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر کو شروع ہونے والے لانگ مارچ سے متعلق بڑا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ گنڈی چوک لکی مروت سے شروع ہوگا۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ گنڈی چوک لکی مروت سے شروع ہوگا۔ پہلا پڑاؤ کرک اور 5 اکتوبر کو دوسرا پڑاؤ کوہاٹ میں ہوگا۔
اس کے بعد لانگ مارچ ضلع پشاور داخل ہوگا۔اپنے دوسرے ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں حیات آباد انڈر پاس کے افتتاح کے موقع پر عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ کے پرجوش اور بھرپور استقبال نے ثابت کر دیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں صرف اور صرف عمران خان کا عوامی راج رہے گا۔
پشاور سمیت پورا خیبر پختونخوا پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط گڑھ ہے۔ خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کو مسلسل تیسری مرتبہ اپنا تاریخی مینڈیٹ دیا ہے۔ صوبے کے عوام کی خدمت اور ان کے حقوق اور عوامی مینڈیٹ کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تحریک انصاف ایک پرامن،جمہوری اور ملک کی سب سے بڑی مقبول سیاسی جماعت ہے جو ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے کوشاں ہے۔
عمران خان کو ناحق قید میں رکھا گیا ہے اور ان کے خلاف سیاسی انتقام میں ظلم و جبر کی تمام حدیں پار کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کے طرزعمل پر سخت ردعمل دینے اور محاذ آرائی کی صورت میں آئینی و قانونی آپشن فوری استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے. وفاقی وزیر داخلہ کی خیبر پختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی، پی ٹی آئی سے جاری بیک ڈور رابطوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آئینی و قانونی آپشنز پر تفصیلی غور کیا گیا، وزیراعظم کو افغان سرحد کی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے آگاہ کیا گیا. وزیر قانون نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر آئینی و قانونی نقطہ نظر اور دستیاب آپشنز پیش کر دیئے۔
