صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر صوبائی حکومت کا سخت ترین موقف سامنے آ گیا، جہاں صوبائی وزیرِ اطلاعات شفیع جان نے تمام تر اطلاعات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مسترد کر دیا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردِعمل میں صوبائی وزیرِ اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد لانے یا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے انہیں ہٹائے جانے سے متعلق چلنے والی خبریں سراسر جھوٹ، بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، جو خیبرپختونخواہ حکومت اور وزیراعلیٰ کے خلاف جاری مسلسل سیاسی پروپیگنڈے کا ہی ایک تسلسل ہیں۔
صوبائی وزیر نے سیاسی مخالفین کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اور طنز کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اپنی خواہشات کو ذرائع کے نام سے پیش کرنے والے اچھی طرح سن لیں کہ سہیل آفریدی کہیں نہیں جا رہے، وہ 4 اکتوبر 2026ء کو اسلام آباد کی جانب آ رہے ہیں، تاریخ یاد رکھیں، انہوں نے اپنے ردِعمل کے اختتام پر مرزا غالب کا مشہورِ زمانہ شعر بھی تحریر کیا کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے.
