گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کیے جانے کے بعد تقریباً دو ہفتے کی تاخیر سے اسمبلرز نے ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی شروع کردی۔ہونڈا اٹلس کارز نے ایچ آر وی ای: ایچ ای وی کی قیمت1 کروڑ 3لاکھ 69ہزار روپے سے کم کرکے 92 لاکھ 99 ہزار روپے کردی۔
ایچ آر وی وی ٹی آئی ایس کی قیمت بھی 77 لاکھ 99 ہزار روپے سے کم کرکے 72 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کردی گئی۔ہونڈا کے مطابق نئی قیمتیں محدود مدت اور محدود اسٹاک کے لیے ہوں گی، جبکہ 25 ستمبر یا اس کے بعد انوائس ہونے والے تمام آرڈرز پر نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگا۔
انڈس موٹر کمپنی نے ٹویوٹا کرولا کراس ایچ ای وی ایکس کی قیمت میں 5 لاکھ 70 ہزار روپے کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 97 لاکھ 29 ہزار روپے مقرر کردی۔کرولا کراس ایچ ای وی کی قیمت بھی 5 لاکھ 50 ہزار روپے کم کرکے 92 لاکھ 99 ہزار روپے کردی گئی۔
چیری ماسٹر کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ سید آصف احمد کے مطابق برقی گاڑیوں پر جی ایس ٹی 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کرنے کے فیصلے سے فروخت بحال ہونے کی توقع ہے۔ان کے مطابق 25 فیصد جی ایس ٹی کے باعث طلب میں نمایاں کمی ہوئی اور صارفین نے حکومتی فیصلے کے انتظار میں گاڑیوں کی خریداری مؤخر کردی تھی۔
