دہشت گردوں نے بارود سے بھرے لوڈر رکشے کو امن میلہ چیک پوسٹ کی عمارت سے ٹکرادیا، بارودی مواد کا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ چیک پوسٹ کی پوری عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی
صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے خودکش حملہ کرکے امن میلہ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پولیس اور محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 32 افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے بارود سے بھرے ایک لوڈر رکشے کو امن میلہ چیک پوسٹ کی عمارت سے ٹکرا دیا، بارودی مواد کا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ چیک پوسٹ کی پوری عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی۔
بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی زد میں آ کر چیک پوسٹ پر ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اور محکمہ ایکسائز کے متعدد اہلکار مواقع پر ہی شہید ہو گئے، اس دوران وہاں موجود دیگر 32 افراد شدید زخمی ہوئے، واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
معلوم ہوا ہے کہ لاشوں و زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر محاصرے میں لے کر مفرور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی تلاش اور واقعے کی باریک بینی سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
