ایشین گیمز میں اشعب عرفان نے بھارتی حریف کو شکست دے کر پاکستان کا ایک اور میڈل یقینی بنادیا۔
ایچی ناگویا میں جاری ایشین گیمز کے مینز سنگلز اسکواش ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں محمد اشعب عرفان نے بھارتی حریف ویر چوٹانی کو 1-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی پالی۔
محمد اشعب عرفان کی جیت کا اسکور 11-6، 8-11، 3-11 اور 3-11 رہا۔سیمی فائنل میں محمد اشعب عرفان کا مقابلہ بھارت کے ہی ٹاپ سیڈ کھلاڑی سے ہوگا۔
پاکستان اسکواش ٹیم کے کوچ فہیم گل نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان ایک اور میڈل کا حقدار ہوگیا ہے۔
فہیم گل نے کہا کہ سیمی فاننل میں بھی اشعب عرفان سے بہترین پرفارمنس کی امید ہے، اگر شکست ہوتی ہے تو پھر بھی وہ برانز میڈل وصول کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی گیم ہارنے کے بعد جس طرح اشعب نے شاندار کم بیک کرکے کوارٹر فائنل جیتا ہے، وہ لاجواب پرفارمنس ہے، اس کامیابی سے اس کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب سیمی فائنل جیت کر فائنل میں بھی پہنچنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز میں پاکستان کو اب تک ویمنز کرکٹ ٹیم اور مکسڈ مارشل آرٹس ایونٹ کی ساٹھ کلو گرام کیٹگری میں عاصم خان نے برانز میڈل دلا رکھا ہے۔
