مردہ بچے کے ساتھ مادہ وہیل کی نایاب ویڈیو نے ماہرین کو حیران کردیا تازہ ترین Roze News
تازہ ترین دلچسپ و عجیب

مردہ بچے کے ساتھ مادہ وہیل کی نایاب ویڈیو نے ماہرین کو حیران کردیا

مردہ بچے کے ساتھ مادہ وہیل کی نایاب ویڈیو

مردہ بچے کے ساتھ مادہ وہیل کی نایاب ویڈیو

 

آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ کے قریب ایک مادہ ہمپ بیک وہیل کی اپنے مردہ بچے کے ساتھ بار بار غوطے لگانے اور اس کے قریب رہنے کی نایاب ویڈیو سامنے آئی ہے، جس نے ماہرین کی توجہ حاصل کرلی۔

 

رپورٹ کے مطابق مادہ وہیل بار بار اپنے مردہ بچے کے قریب جاتی، اسے سر اور پنکھ سے چھوتی اور کچھ دیر اس کے ساتھ سمندر کی تہہ میں ساکت رہتی رہی۔

 

مادہ وہیل اور ایک دوسری بالغ وہیل کم از کم دو گھنٹے تک مردہ بچے کے قریب موجود رہیں۔یہ ویڈیو جولائی 2025 میں جنوب مشرقی آسٹریلیا کے ساحل کے قریب بنائی گئی تھی، جبکہ اس مشاہدے پر تحقیق 16

ستمبر کو سائنسی جریدے ’ڈسکور اینیملز‘ میں شائع ہوئی۔

 

تحقیق کے مرکزی مصنف اور آسٹریلیا کی گریفتھ یونیورسٹی کے بحری ماحولیات کے ماہر اولاف مینیکے کے مطابق ہمپ بیک وہیل کی پیدائش کے مشاہدے کے صرف تقریباً 20 واقعات سائنسی لٹریچر میں درج ہیں، تاہم ان میں مردہ بچے کی پیدائش کا مشاہدہ شامل نہیں تھا۔

 

ماہرین کے مطابق نومولود ہمپ بیک وہیل کے جسم میں اتنی چربی نہیں ہوتی کہ وہ خود پانی کی سطح پر تیر سکے، جس کے باعث بالغ وہیل کی مدد نہ ملنے پر وہ سمندر کی تہہ میں ڈوب سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہوسکتی ہے کہ اس نوع میں مردہ بچے کی پیدائش کا مشاہدہ اس سے پہلے نہیں کیا جاسکا۔

 

ویڈیو ایک نجی کشتی پر موجود محقق اینڈریو نے اس وقت بنائی جب انہوں نے پانی کی سطح پر دو بالغ ہمپ بیک وہیلز کو دیکھا۔ ان میں سے ایک وہیل عمودی حالت میں تھی، جبکہ کچھ دیر بعد پانی پر بچے کے گرد موجود جھلی کے باقیات بھی نظر آئے۔

 

اولاف مینیکے کے مطابق مادہ وہیل بار بار مختصر غوطے لگاتی، بچے کے ساتھ تیرتی اور پھر تقریباً ایک منٹ تک سمندر کی تہہ میں اس کے پاس رہتی۔ اس دوران وہ اپنا سینہ نما پنکھ بھی بچے پر رکھتی اور پھر دوبارہ سطح پر آجاتی۔

Exit mobile version