ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی اڈیالہ جیل سے اسلام آباد پولیس نے تحویل میں لے لیا ۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد پولیس نفری کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچے ۔
اسلام آباد پولیس کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی ہمراہ تھے،ایس ایس پی آپریشن 10 گاڑیوں میں نفری لیکر اڈیالہ جیل پہنچے ،اسلام آباد پولیس دونوں کو لیکر اسلام آباد روانہ ہو گئی۔ خیال رہے کہ آج ہی سپریم کورٹ نے 2،2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی سزائیں معطل کردی تھیں سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت کیس کے حتمی فیصلے تک دی گئی ہے۔
اس موقع پر جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ دونوں وکیل ہیں، ان کی عزت رکھ رہے ہیں، انہیں بھی کہہ دیں عدالت کے ڈیکورم کا خیال رکھیں، ایک وکیل میں اور ایک عام آدمی میں فرق ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو جنوری 2026 میں سوشل میڈیا پوسٹس سے متعلق کیس میں 17،17 سال کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو پیکا ایکٹ کے سیکشن 9 کے تحت 5، 5 سال قید اور 50لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ دونوں کو سیکشن 10 کے تحت 10، 10 سال قید اور 3کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جب کہ سیکشن26 اے کے تحت 2، 2 سال قید اور 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی تھی۔
