بشکیک:وزیراعظم شہبازشریف کی کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیر اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات پر تپاک اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں جون میں صدرپزشکیان کے دورۂ پاکستان کے دوران فیصلوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
ایرانی صدر نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے یقین دہانی کرائی کہ مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے،کسی ملک کے خلاف نہیں،اس کا مقصد خطے میں امن اور سلامتی یقینی بنانا، علاقائی ممالک کے مفادات کو تحفظ دیناہے۔
صدر پزشکیان نے ثالثی کے عمل میں پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک متحدہوں تو اسرائیل ان پر اتنی آسانی سے حملہ آور نہیں ہوگا، مسلم ممالک کے پاس باہمی گفتگو اور تعاون سے حل نکالنے کی صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ مسلم دنیا کا اتحاد مضبوط کرنے کی جانب قدم ہے، دیگر علاقائی ومسلم ممالک بھی شامل ہو کر تعاون بڑھائیں گے۔
اس کےعلاوہ شہباز شریف کی ازبکستان کے صدر سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تجارت 2 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا عزم کیا گیا۔
