بھارتی گلوکار بادشاہ اور پنجابی اداکارہ ایشا رِکھی کے درمیان شادی کے 5 ماہ بعد طلاق ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بادشاہ اور ایشا رِکھی نے پیر کی رات اپنی طلاق کی تصدیق کردی، جس کے بعد گزشتہ ایک ماہ سے جاری ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔
جوڑے نے مارچ میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی اور اب دونوں نے اپنی، اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
بادشاہ نے اپنے بیان میں لکھا کہ ’میں نے اور ایشا نے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کرنے اور اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ باہمی احترام کے ساتھ کیا گیا ہے اور ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس دوران ہماری نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس معاملے پر ان کا واحد بیان ہے اور لوگوں سے درخواست کی کہ ان کے تعلقات کے حوالے سے مزید قیاس آرائیاں یا مفروضے قائم نہ کیے جائیں۔
واضح رہے کہ بادشاہ اور ایشا کے درمیان تعلقات میں خرابی کی خبریں جولائی میں سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جولائی میں ایشا نے اپنی اور بادشاہ کی تصاویر اور ویڈیوز پر مشتمل ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا ’ہر طوفان ایک سبق ہے، ہر دعا ایک امید ہے۔‘ ساتھ ہی انہوں نے ٹوٹے ہوئے دل اور ہاتھ جوڑنے والے ایموجیز بھی استعمال کیے تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کے رشتے میں مشکلات کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع کردی تھیں۔
واضح رہے کہ بادشاہ نے اس سے قبل جاسمین مسیح سے شادی کی تھی اور 2020 میں دونوں کے درمیان طلاق مکمل ہوگئی تھی۔ ان کی ایک بیٹی ہے جو جنوری 2017 میں پیدا ہوئی تھی۔
