واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جھیل اونٹاریو کی جگہ جھیل امریکا کا بورڈ لگانے کی مصنوعی ذہانت سے بنی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
امریکی صدر نے جھیل اونٹاریو کا نام تبدیل کر کے ’’جھیل امریکا‘‘ رکھنے کے معاملے پر ایک نئی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کر دی، جس میں جھیل اونٹاریو کے مقام پر ’’جھیل امریکا‘‘ کا بورڈ نصب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ٹرمپ نے ایک اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں جھیل کے کنارے بطخوں کو ٹرمپ کے مخصوص بالوں کے انداز میں دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں یہ بطخیں اسلحہ اٹھائے جھیل کے اطراف گشت کرتی نظر آتی ہیں، امریکی اور برطانوی میڈیا نے ان کرداروں کو طنزیہ طور پر ’’ڈونلڈ ڈکس‘‘ سے تعبیر کیا۔
ٹرمپ کی جانب سے ویڈیوز شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے ویڈیوز کو مضحکہ خیز اور غیر سنجیدہ قرار دیا، جبکہ بعض نے امریکی صدر کے اقدام اور مصنوعی ذہانت کے استعمال پر سخت تنقید کی۔
خیال رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 27 اگست کو ایک صدارتی حکم کے ذریعے امریکا میں جھیل اونٹاریو کا نام ’’جھیل امریکا‘‘ رکھنے کا اعلان کیا تھا، یہ اقدام امریکا اور کینیڈا کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی کے دوران سامنے آیا، کینیڈا نے اس نام کی تبدیلی کو مسترد کردیا ہے۔
اونٹاریو کے وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ نے کینیڈین ساحل پر ایک بڑا بورڈ نصب کیا جس پر ’’جھیل اونٹاریو، اب اور ہمیشہ‘‘ درج ہے، جبکہ کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ جھیل کا نام بدستور جھیل اونٹاریو ہی رہے گا۔
امریکی نقشوں اور گوگل نقشہ جات پر امریکی صارفین کیلئے نیا نام دکھایا جا رہا ہے، تاہم کینیڈا میں جھیل اونٹاریو ہی استعمال کیا جارہا ہے اور عالمی سطح پر دونوں نام دکھائے جاسکتے ہیں۔
یہ تنازع ایسے وقت میں شدت اختیار کر گیا ہے جب امریکا اور کینیڈا کے درمیان محصولات اور تجارت کے معاملات پر اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ ٹرمپ اس سے قبل خلیج میکسیکو کا نام بھی امریکا میں ’’خلیج امریکا‘‘ رکھنے کا حکم دے چکے ہیں۔
