بہاولپور ضمنی الیکشن سے قبل سیاسی صف بندی ،پی پی ، ن لیگ نے ہاتھ ملا لیے پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

بہاولپور ضمنی الیکشن سے قبل سیاسی صف بندی ،پی پی ، ن لیگ نے ہاتھ ملا لیے

بہاولپور ضمنی الیکشن سے قبل سیاسی صف بندی ،پی پی ، ن لیگ نے ہاتھ ملا لیے

بہاولپور ضمنی الیکشن سے قبل سیاسی صف بندی ،پی پی ، ن لیگ نے ہاتھ ملا لیے

این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب سے قبل سیاسی صف بندی میں بڑا بدلاؤ سامنے آگیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ووٹرز ضمنی الیکشن میں شیر کے نشان کو تیر کا نشان سمجھیں اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کو کامیاب کرائیں۔

علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے امیدوارکی حمایت کا فیصلہ جذبۂ خیرسگالی کے تحت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضمنی انتخاب میں اپنے امیدواروں کو دستبردارکررہی ہے اورپارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کی جائے گی۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری سعود مجید نے کہا کہ این اے 168 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی ٹکٹ کا حتمی فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت کرے گی۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک منیر چنڑ اور سعد مسعود کے کاغذات نامزدگی جمع ہیں تاہم امیدوار کے نام کا حتمی فیصلہ قیادت کرے گی۔

پریس کانفرنس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کا اہم اجلاس بھی ہوا، جس میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

حلقہ این اے 168 میں پیپلز پارٹی کی مقامی سطح پر قیادت گزشتہ عرصے کے دوران دھڑہ بندی کا شکار رہی، جبکہ پارٹی کی اہم میٹنگ میں چند نمایاں مقامی رہنماؤں کی عدم شرکت بھی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی رہی۔

واضح رہے کہ این اے 168 بہاولپور کی نشست سابق ایم این اے اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے، جس پر ضمنی انتخاب 27 ستمبر کو شیڈول ہے۔

 

Exit mobile version