پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا

مون سون بارشوں کا آٹھویں سپیل

مون سون بارشوں کا آٹھویں سپیل

 

لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا، 29 اگست سے 5 ستمبر تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات میں بارش متوقع ہے۔

لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپورتھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں اور آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں۔

انہوں نے غیر ضروری سفر سے گریز، آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہنے اور بچوں کو نشیبی علاقوں، پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھنے کی ہدایت کی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بجلی کی گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران شہری کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

 

Exit mobile version