چین نے تیز رفتار ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک اور حیران کن سنگِ میل عبور کرلیا۔ چین کی تجرباتی میگلیو ٹرین نے صرف 5.3 سیکنڈ میں صفر سے 800 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے اپنی ہی ایکسلریشن کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ تجربہ چین کے صوبہ ہوبئی میں ایک کلومیٹر طویل ٹیسٹ ٹریک پر کیا گیا۔ تقریباً 1.1 ٹن وزنی تجرباتی ٹرین نے انتہائی مختصر فاصلے میں غیر معمولی رفتار حاصل کی، جس کے بعد اسے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے میں محفوظ انداز سے روک لیا گیا۔
چینی میگلیو ٹیکنالوجی میں مقناطیسی قوتوں کا استعمال کیا جاتا ہے، جس کے باعث ٹرین روایتی ریل کے مقابلے میں انتہائی کم رگڑ کے ساتھ سفر کرسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی ٹیکنالوجی مستقبل میں انتہائی تیز رفتار سفری نظام سمیت دیگر جدید شعبوں میں بھی استعمال ہوسکتی ہے۔
چین کی جانب سے یہ ریکارڈ گزشتہ چھ ماہ کے دوران تیسری مرتبہ توڑا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک انتہائی تیز رفتار میگلیو ٹرانسپورٹ کی ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔
