ربیع الاول کے چاند کی تلاش کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی چاند کی رویت سے متعلق اپنی معلومات اور معاونت فراہم کریں گے۔
ملک بھر سے چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد چاند کی حتمی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔ اسلام آباد کے ساتھ مختلف شہروں میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی بیک وقت ہوں گے۔
دوسری جانب ترجمان اسپارکو کے مطابق فلکیاتی پیرامیٹرز کے مطابق 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند 14 اگست کو نظر آنے کا امکان ہے، یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ اور 12 ربیع الاول 26 اگست بروزبدھ کو ہونے کا امکان ہے۔
