سال 2027 میں رمضان کے آغاز اور عید الفطر کے حوالے سے اہم پیش گوئی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کرسمس یا نئے سال کے دن کی طرح طے شدہ تاریخوں کے برعکس رمضان المبارک کا مہینہ کبھی بھی عیسوی کیلنڈر کی ایک ہی تاریخ کو نہیں آتا۔
قمری کیلنڈر کے تحت رمضان المبارک ہر سال عیسوی کیلنڈر کے مقابلے میں تقریباً 10 سے 11 دن پہلے آتا ہے، جس کی بدولت مسلمانوں کو تقریباً 33 سال کے عرصے میں ہر موسم میں روزے رکھنے کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔
فلکیاتی حساب کتاب کے مطابق سال 2027 میں رمضان المبارک کا متوقع آغاز پیر 8 فروری 2027 سے ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی تاریخ کا انحصار چاند کی شرعی رویت پر ہوگا۔
پیشگوئیوں میں بتایا گیا کہ 7 فروری 2027 (اتوار) کی شام کو نیا چاند تلاش کیا جائے گا اور چاند نظر آنے کی صورت میں اسی رات پہلی نمازِ تراویح ادا کی جائے گی ، جس کے تحت پہلا روزہ پیر 8 فروری کو ہوگا۔
رمضان المبارک 29 یا 30 ایام پر مشتمل ہو سکتا ہے اور شوال کا چاند نظر آنے پر عید الفطر کا متوقع آغاز بدھ 10 مارچ 2027 سے ہونے کا امکان ہے۔
قمری سال 12 مہینوں پر مشتمل اور تقریباً 354 ایام کا ہوتا ہے، جو کہ شمسی سال سے 11 دن چھوٹا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رمضان المبارک ہر سال پیچھے کی طرف منتقل ہوتا رہتا ہے۔
فلکیاتی سائنس کی جدید اور انتہائی درست پیشگوئیوں کے باوجود، اسلامی اصولوں کے مطابق رمضان المبارک کے باضابطہ آغاز کا فیصلہ روایتی طریقے سے چاند کی رویت کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔
رمضان المبارک اسلامی سال کا نواں اور مقدس ترین مہینہ ہے، جس میں مسلمان صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک کھانے پینے سے پرہیز کرتے ہیں اور عبادت، صدقہ و خیرات اور خود احتسابی پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔
