کوئلہ کان میں شہید ہونے والے ابوسفیان کے میٹرک کے نتیجے نے اس کے والدین کا غم پھر سے تازہ کردیا
کتابوں سے کوئلہ کان تک: میٹرک میں 865 نمبر لینے والے اور زندگی ہار جانے والے ابو سفیان کی کہانی
سوات تعلیمی بورڈ نے میٹرک (SSC Annual-I 2026) کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جن میں شانگلہ کے ہونہار طالب علم ابو سفیان نے 1100 میں سے 865 نمبر حاصل کر کے شاندار کامیابی سمیٹی ہے۔
مگر یہ خوشی اپنے پیچھے غم کا ایسا سمندر چھوڑ گئی ہے جو دل کو چیر کر رکھ دیتا ہے۔
تین بھائیوں میں سب سے بڑے سفیان نے انتہائی کڑے حالات میں زندگی گزاری۔ والد کی طویل بیماری اور معذوری نے کم سن سفیان کو وقت سے پہلے بڑا بنا دیا۔
وہ پڑھائی کے ساتھ کپڑے سینے کا ہنر بھی سیکھتا تاکہ بیمار باپ کا ہاتھ بٹا سکے، لیکن غربت نے اسے آرام کا ایک لمحہ بھی نہ دیا۔
دسویں کے امتحانات ختم ہوتے ہی فاقوں سے مجبور یہ ہونہار نوجوان پہاڑوں سے نکل کر کوئٹہ کی تاریک اور خطرناک کوئلہ کانوں میں اتر گیا۔ گھر کا چولہا جلانے کی تڑپ اسے موت کے منہ میں لے گئی؛
کان کے اندر پیش آنے والے ایک دلخراش ح۔اد۔ثے نے اس کا چراغِ حیات ہمیشہ کے لیے بجھا دیا۔
آج جب اس کا شاندار نتیجہ آیا ہے تو اس کی محنت کے گواہ یہ 865 نمبر تو موجود ہیں، لیکن انہیں دیکھنے اور سمیٹنے کے لیے خود ابو سفیان اس دنیا میں موجود نہیں۔
اسکول، اساتذہ اور لواحقین کی آنکھیں اشکبار ہیں کہ ایک روشن مستقبل اندھیروں میں دفن ہو گیا۔
