کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرز اسلام آباد کا اجلاس چیئرمین کمیٹی و نائب صدر سی پی این ای شکیل احمد ترابی کی زیر صدارت اسلام آباد کلب میں منعقد ہوا جس میں آزادی صحافت کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ وفاق اور صوبائی حکومتوں سے پریس کے تعلقات سے متعلق امور بھی زیر بحث ائے۔

اجلاس میں وائس چیئرمین رافع نیازی ، اراکین کمیٹی طاہر فاروق، سجاد عباسی ،یحییٰ خان سدوزئی، تزئین اختر، میاں ابرار، جاوید بلوچ ، عبدالسلام باٹھ ، میاں فضل الٰہی ، قسور جمیل روحانی، سید سفیر حیسن شاہ اور محمد ممتاز صادق شریک ہوئے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ایک طرف میڈیا کو آزادی کے چیلنجز درپیش ہیں تو دوسری جانب تیزی سے سکڑتے وسائل کے باعث پرنٹ میڈیا دم توڑتی صنعت میں تبدیل ہو رہا ہے، اس پر حکومت اور بالخصوص محکمہ اطلاعات کی تبدیل ہوتی ترجیحات پرنٹ میڈیا کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ حکام اخبارات سے منسلک ہزاروں ورکرز کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے اشتہارات کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور ڈیجیٹل میڈیا کی جانب پیشرفت کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ایسا ماحول پیدا کیا جائے کہ ملک کے ذمہ دار ترین میڈیم کے طور پر پرنٹ میڈیا کی اصل شناخت بحال ہو سکے۔
اجلاس نے اس امر پر اتفاق کیا کہ محکمہ اطلاعات کے ذمہ داروں کے ساتھ رابطے بڑھانے اور پرنٹ میڈیا کے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے سی پی این ای کی اسلام آباد کمیٹی متحرک کردار ادا کرے گی۔اجلاس میں پریس کونسل کے دائرہ کار اور مینڈیٹ کے حوالے سے معاملات بھی زیر بحث آئے اور اس بات پر زور دیا گیا کہ اس اہم ادارے کو پرنٹ میڈیا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اپنے مینڈیٹ کے مطابق فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ اجلاس میں آئی ٹی این ای کی فعالیت، غیر جانبدار و متحرک کردار ادا کرنے کیساتھ ساتھ آٹھویں ویج بورڈ کے نفاذ کا بھی مطالبہ کیا گیا۔