نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی منیلا میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم وزارتی اجلاس سے قبل ہونے والی ملاقات میں اسحاق ڈار اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے پاک روس دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطے پاک روس شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس سے پہلے منیلا پہنچنے پر فلپائن کی وزارت خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری ایلمر جی کیٹو،پاکستانی سفیر عاصمہ ربانی اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اسحاق ڈارآسیان ریجنل فورم وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ دورے کے دوران اسحاق ڈار مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے بھی اہم دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
