مون سون کا سلسلہ جاری، مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں، سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی تازہ ترین Roze News
تازہ ترین موسم

مون سون کا سلسلہ جاری، مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں، سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

مون سون کا سلسلہ جاری، مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں، سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

مون سون کا سلسلہ جاری، مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں، سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

ملک بھر میں مون سون کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے شدید گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا، تاہم بعض علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں کا راج برقرار ہے، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ شیخوپورہ، مریدکے، کاہنہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم میں نمایاں بہتری آئی۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹھنڈی ہواؤں اور بارش سے شہریوں نے گرمی سے نجات کا احساس کیا۔ گجرات میں مون سون کی پہلی بارش نے جل تھل ایک کر دیا، جہاں جیل چوک، کچہری چوک سمیت مختلف علاقوں کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا۔

گوجرانوالہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے حبس میں کمی آئی، تاہم سیٹلائٹ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، پیپلز کالونی، حافظ آباد روڈ اور چندہ قلعہ سمیت بعض نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

ڈیرہ غازی خان میں موسلادھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا، جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈ کی صورتحال بھی پیدا ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق نوشہرہ میں دو مختلف مقامات پر سیلابی ریلوں میں پھنسے افراد کو کامیاب کارروائی کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا۔

صاحبزادہ ٹاؤن، اکوڑہ خٹک میں سیلابی ریلے کے باعث 12 افراد محصور ہوگئے تھے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ جبکہ آدم زئی میں بھی فلیش فلڈ کے دوران پھنسنے والے 6 افراد کو واٹر ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت ریسکیو کیا۔

صوابی میں رات سے جاری وقفے وقفے کی بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ تاہم پشاور میں بارش کے بعد متعدد علاقے زیرِ آب آگئے، یونیورسٹی روڈ انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے بی آر ٹی بس سروس بھی متاثر ہوئی، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Exit mobile version