زیر حراست افراد کی دستاویزات کی جانچ کے بعد ان کی وطن واپسی کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 38 افغان باشندوں کو حراست میں لے کر قانونی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد افغان کیمپ منتقل کر دیا گیا، جہاں متعلقہ حکام ان کی وطن واپسی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم 20 افغان باشندوں کو حراست میں لیا۔ ابتدائی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تمام افراد کو افغان کیمپ منتقل کر دیا گیا تاکہ ان کے کیسز متعلقہ حکام کے سپرد کیے جا سکیں۔
دوسری جانب سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اونگزیب خٹک نے بتایا کہ مختلف مقامات پر کی گئی کارروائیوں کے دوران مزید 15 افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد افغان کیمپ منتقل کر دیا گیا۔
ادھر ملیر کینٹ پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم 3 افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق تمام زیر حراست افراد کو افغان کیمپ میں تعینات متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی دستاویزات کی جانچ اور دیگر قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ افغان کیمپ میں موجود متعلقہ ادارے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان افغان باشندوں کی وطن واپسی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔ حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔
پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد سے متعلق معلومات متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ قانون پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
