ملتان کے علاقے رشید آباد میں غربت اور مجبوری کی ایک انتہائی افسوسناک تصویر سامنے آئی، جہاں ایک سفید پوش باپ اپنے 25 سالہ جوان بیٹے کی وفات کے بعد اس کی تدفین کے لیے کفن تک خریدنے کی استطاعت نہ رکھتا تھا۔
اطلاعات کے مطابق باپ نے مجبوری کے عالم میں اپنے جوان بیٹے کی لاش کو ایک چادر میں لپیٹا اور رشید آباد قبرستان پہنچ گیا تاکہ آخری رسومات ادا کر سکے۔ یہ دل دہلا دینے والا منظر دیکھ کر وہاں موجود افراد کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر لوہاری گیٹ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس اہلکاروں نے متاثرہ خاندان کی مالی مدد کی اور مرحوم کی باعزت تدفین کے لیے کفن و دفن کے تمام ضروری انتظامات کرائے۔
یہ افسوسناک واقعہ معاشرے میں غربت، بے بسی اور سفید پوش طبقے کو درپیش مشکلات کی ایک دردناک مثال بن گیا، جس نے ہر حساس دل کو غمزدہ کر دیا۔
