وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ میرا پاسپورٹ بلاک ہے لیکن دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر باہر ممالک کے دورے کر رہی ہیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور نے دہشتگردی کی جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ اور 200 ارب روپے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پشاوریوں کے لیے تحفہ ہے۔ پشاور کو ایک جدید شہر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں خیبر پختونخوا حکومت کو بدنام کرنا چاہتی ہیں۔ اور میرے خلاف پروپیگنڈے کیے گئے۔ تاہم عوام نے ان لوگوں کے پروپیگنڈے کو ناکام بنایا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن کے بے جا الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ جس کے پاس کرپشن کے ثبوت ہوں سامنے لے کر آئے۔ اور کرپشن کے ثبوت پیش کرنے والوں کے لیے وزیر اعلی ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا پاسپورٹ بلاک ہے۔ لیکن دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر باہر ممالک کے دورے کر رہی ہیں۔ مجھے میڈیا پر ایک منٹ کا وقت نہیں دیا جاتا لیکن دوسرے صوبے کے وزرائے اعلی کی گھنٹوں کوریج ہوتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ اور پنجاب میں ہمارے قائدین کے کاروبار تباہ کئے گئے۔
