چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ذمہ داریاں سنبھالتے ہی انہوں نے تمام زونل ڈی ایس پیز کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ٹریفک مینجمنٹ، انفورسمنٹ اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اجلاس میں دارالحکومت میں ٹریفک نظام کو مزید مؤثر، محفوظ اور شہری دوست بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک ڈسپلن کا فروغ، بہترین ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔
انہوں نے لین وائلیشن، ون وے کی خلاف ورزی، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، غیر قانونی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس، کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کے خلاف سخت اور مؤثر انفورسمنٹ یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
کائنات اظہر خان کا کہنا تھا کہ تمام زونل افسران کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر اور جانچی جائے گی تاکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور ٹریفک کے نظام کو مزید محفوظ، منظم اور مؤثر بنایا جائے گا۔
