اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ نئے مالی سال میں تنخواہ دار نچلے طبقے کو سبسڈی دینا مقصد ہے، بجٹ میں کئی شعبوں کو ریلیف دیا گیا ہے۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سربراہ ٹیکس پالیسی آفس نجیب میمن کے ساتھ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پچھلے سال یہیں بیٹھ کر معاشی استحکام کی بات کررہے تھے تو کہا تھا کہ استحکام سے گروتھ کی طرف جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں معاشی استحکام سے معاشی گروتھ کی جانب سفر کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ بجٹ میں برآمدات کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ایڈوانس ٹیکس اور سپر ٹیکس ختم کیا گیا ہے۔ تمام برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز ہے۔ 70سے 71ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے تاکہ برآمد کنندگان کو سازگار ماحول مل سکے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ برآمد کنندگان کو ساڑھے 4 فیصد پر فنانسنگ دستیاب ہوگی۔ پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی کم کی ہے۔ اشیاء و خدمات کی ایکسپورٹ کے اعدادوشمار بہت حوصلہ افزاء ہیں۔ تعمیرات کے شعبے کے لیے جائیداد کی خریدوفروخت فروخت پر ٹیکس کم کیا گیاہے اور اس میں ہاؤسنگ کا شعبہ اہم ہے، اس کے لیے بھی ٹیکسوں کی شرح بجٹ میں اعلان کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر کریڈٹ و فنانسنگ 15 فیصد بڑھی ہے۔ اس بار کچھ مالی وسائل دستیاب ہوئے ہیں ان کو بھرپور استعمال کیا ہے۔پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ایکسپورٹ لیڈ گروتھ پر رہی ہے۔ سب ایکسپورٹرز کے لیے سپر ٹیکس کو ختم کیا گیا ہے۔ 70 ارب کی اضافی سبسڈی فنانسنگ کے لیے دی گئی ہے۔ گڈز اور سروسز ایکسپورٹ ہماری معیشت کے لیے اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلری کلاس کے سب سے نچلے لیول والوں کو سبسڈی دینا مقصد ہے۔ پرو بزنس بجٹ کے لیے بہت کام کیا گیا ہے۔ ایگریکلچر فنانسنگ کو کافی حد تک بڑھایا گیا ہے۔ چھوٹے کسانوں کے لیے اسکیم لانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ نوجوانوں کے لیے یوتھ لون 262 ارب رکھے گئے ہیں۔ زرعی سیکٹر کے لیے بھی جو سامان منگوایا جاتا ہے اس پر بھی ٹیکس مکمل ختم کردیا گیا ہے۔ زراعت میں اچھی پیداوار کے لیے ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔