پنجاب بھر سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر سے 35 ہزار 216 افغان شہریوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ اس وقت 208 افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 13 ہزار 766 مرد، 7 ہزار 61 خواتین اور 14 ہزار 389 بچے شامل ہیں۔ مزید یہ کہ واپس بھیجے گئے افراد میں 10 ہزار 954 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، جبکہ 11 ہزار 131 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز تھے، اس کے علاوہ 13 ہزار 131 غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو بھی واپس بھیجا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں حکومتی پالیسی اور متعلقہ قوانین کے تحت جاری ہیں، جبکہ صوبے بھر میں سکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ رجسٹریشن، جانچ پڑتال اور واپسی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہولڈنگ پوائنٹس پر تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور وطن واپسی کے عمل کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
