ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ عوام آٹے کی قیمتوں میں کمی اور حکومتی ریلیف کے منتظر ہیں، تاہم رواں سیزن کے دوران سرکاری آٹا 800 روپے فی من تک مہنگا ہو چکا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرکاری آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا 2200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 10 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب نجی کمپنیوں کے آٹے کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ نجی برانڈز کا آٹا 7200 سے 8000 روپے فی من تک فروخت کیا جا رہا ہے، جو گندم کی قیمت کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہے۔
بازار میں 5 کلوگرام آٹے کا تھیلا بھی 900 سے 1000 روپے تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث عام شہریوں، خصوصاً کم آمدنی والے خاندانوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی شے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ان کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر رہا ہے، جبکہ وہ حکومت سے فوری ریلیف اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کے منتظر ہیں۔
