ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک کے شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1521 روپے رہی، جو اس سے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.33 فیصد کم ہے۔ پیوستہ ہفتے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1526 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسی طرح جنوبی شہروں اور علاقوں میں گزشتہ ہفتے سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1537 روپے رہی، جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.16 فیصد کم ہے۔ اس سے قبل جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1540 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق سیمنٹ کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔ یاد رہے کہ 14 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران بھی شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت میں 2 روپے کمی دیکھی گئی تھی۔
