وزیراعظم کے دورہ چین میں پاکستان اور چین کی کمپنیوں کےدرمیان 7 ارب ڈالر سے زائدکے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیےگئے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین کی کمپنیوں کےدرمیان تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے7 ارب ڈالر سے زائدکے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیےگئے۔
وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کوپاکستان میں زراعت، آئی ٹی کے شعبوں، خصوصی اقتصادی زونز اورکان کنی ومعدنیات اور دیگرشعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قرضے اور امداد نہیں مہارت اور سرمایہ کاری چاہیے، بخشش اور امداد نےکبھی کسی قوم کو متحرک اور خود مختار نہیں بننے دیا، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں کو معاہدوں میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کےخصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاروں کو پرکشش سہولیات فراہم کی جائیں گی، جدید زرعی طریقوں سے چین کو 10 ارب ڈالر تک کی زرعی مصنوعات برآمد کرسکتےہیں، پاکستان میں معدنیات کے بڑےذخائر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ نے چین کو عالمی معیار کی معاشی اور فوجی طاقت بنادیا ہے، پاکستان جلد خطے میں ترقی کے سفر میں چین کا ہم قدم ہوگا۔
