نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 ٹیکنیکل خرابی کے باعث جزوی طور پر متاثر ہو گئی، جس کے بعد شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف موٹروے پولیس یونٹس کے متبادل رابطہ نمبرز جاری کر دیے گئے ہیں۔
موٹروے پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہیلپ لائن 130 کی سروس میں جزوی تعطل کے باوجود امدادی اور رہنمائی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اعلامیے کے مطابق دورانِ سفر کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا مدد کی ضرورت پیش آنے پر شہری متعلقہ موٹروے پولیس سیکٹرز کے متبادل نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے عارضی دشواری پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنیکل مسئلے کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں اور سروس کو جلد مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق مزید رہنمائی، معلومات یا شکایات کے لیے شہری سوشل میڈیا اکاؤنٹNHMPofficial” کے ذریعے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
موٹروے حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ دورانِ سفر ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں قریبی موٹروے پولیس یونٹ سے فوری رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس پاکستان کا وفاقی ادارہ ہے جو قومی شاہراہوں، موٹر ویز اور ایکسپریس ویز پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، مسافروں کی حفاظت اور جرائم کی روک تھام کی ذمہ داریاں انجام دیتا ہے۔ ادارے کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں واقع ہے۔
