بھارت میں ایک شخص کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو طاقتور طوفان کے دوران حقیقی معنوں میں فضا میں اڑنے لگا۔
جی ہاں واقعی بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں یہ واقعہ سامنے آیا۔
ننھے میاں نامی شخص 13 مئی کو بریلی کے گاؤں Bamiyana میں طاقتور طوفان کے دوران ٹین سے بنے شیڈ کی رسی کو تھامے ہوا تھا۔
مگر تیز ہوا نے دونوں کو ہوا میں اڑا دیا اور شیڈ کے ساتھ وہ شخص بھی فضا میں اڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ننھے میاں نے بتایا کہ وہ فضا میں 30 سے 40 فٹ بلندی پر گیا اور پھر لگ بھگ 50 فٹ نیچے جاگرا۔
جس رسی کو اس نے تحفظ کے لیے تھاما وہ بہت کمزور ثابت ہوئی۔
زمین سے ٹکرانے کے نتیجے میں اس شخص کی متعدد ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔
بعد ازاں اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب 13 مئی کو اتر پردیش کے متعدد حصوں کو طاقتور طوفان کا سامنا ہوا۔
اس طوفان کے نتیجے میں کم از کم 89 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوئے جبکہ 87 گھروں کو نقصان پہنچا۔
