بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے عوام سے سونا نہ خریدنے کی اپیل پر شنکر اچاریہ نے ان پر گہرا طنز کیا ہے۔
معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے بھارتی وزیراعظم مودی نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب میں عوام سے پٹرول کا استعمال کم کرنے، ورک فرام ہوم، ایک سال تک سونا نہ خریدنے اور شادیاں ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی۔
ان کی اس اپیل کے بعد ہندو مذہبی رہنما شنکر اچاریہ نے مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو عوام سے خرچ میں کمی کرنے کے لیے کہنے سے پہلے اپنے ’8 ہزار کروڑ روپے کے طیارے‘ کو فروخت کر کے کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کا استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکی ڈالر 100 بھارتی روپے کے قریب پہنچ رہا ہے، اس کو دیکھتے ہوئے کفایت شعاری کے اقدامات کا آغاز اقتدار میں بیٹھے لوگوں سے ہونا چاہیے۔
پی ایم مودی کی سونا نہ خریدنے کی اپیل پر تبصرہ کرتے ہوئے شنکر اچاریہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دھرم کا کام گھر سے شروع ہونا چاہیے، پہلے 8 ہزار کروڑ روپے کے طیارے کو بیچ کر کم ایندھن خرچ کرنے والے طیارے استعمال کیے جائیں۔
واضح رہے کہ نریندر مودی نے گزشتہ روز حیدرآباد میں تقریر کرتے ہوئے عوام کو کفایت شعاری اپنانے کے لیے یہ اپیل کی تھی۔
