بلوچستان کے علاقے چمالنگ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت پانچ اہلکار شہید اور آٹھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسز کو چمالنگ میں دہشت گردوں اور کوئلہ کانوں سے بھتہ وصول کرنے والے عناصر کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات ملی تھیں، جس پر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کی۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے مزاحمت کی اور اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر توصیف اور چار جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں آٹھ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کے تعاقب کے لیے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی اور بھتہ خوری کے مکمل خاتمے تک ایسے آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔
