مصر میں آبادی کے نئے اعداد و شمار میں ایک سرکاری شماریاتی ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کے اندر آبادی کی تعداد 109 ملین تک پہنچ گئی ہے۔
مصری اخبار الاہرام کے مطابق مصری مردم شماری کے ادارے نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک کی آبادی میں ایک ملین (10 لاکھ) افراد کے اضافے کے لیے درکار وقت کم ہو کر 267 دن رہ گیا ہے، جب کہ اس سے قبل گزشتہ 10 لاکھ اضافے کے لیے 287 دن لگے تھے۔
ادارے نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ 10 لاکھ اضافے کے دوران یومیہ پیدائشوں کی اوسط تعداد بڑھ کر 5 ہزار 439 ہو گئی ہے، جو گزشتہ مدت میں 5 ہزار 165 تھی۔
اعداد و شمار سے پتا چلا ہے کہ مصر میں ہر 15.9 سیکنڈ میں تقریباً ایک بچے کی پیدائش ہو رہی ہے، ہفتے کو محکمہ شماریات نے اعلان کیا کہ ملک میں 16 اگست 2025 کو 108 ملین تک پہنچنے کے بعد سے 267 دنوں (8 ماہ اور 27 دن) کے دوران آبادی میں 10 ملین کا اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ شماریات کے مطابق روزانہ ہونے والی اموات میں بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جو 1694 تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ اس سے قبل اموات 1681 اور 1654 تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 16 اگست 2025 سے 9 مئی 2026 کے درمیان 1.452 ملین بچوں کی پیدائش ہوئی جس کی شرح 227 بچے فی گھنٹہ اور تقریباً ہر 15.9 سیکنڈ میں ایک بچہ بنتی ہے۔
شماریات کے مطابق اسیوط گورنریٹ 22.8 کی شرح کے ساتھ فہرست میں سب سے اوپر رہی، اس کے بعد سوہاج، قنا، منیا اور بنی سویف کا نمبر آتا ہے۔ دوسری جانب پورٹ سعید نے 11.4 کی سب سے کم شرح ریکارڈ کی ہے۔ اس کے بعد دقہلیہ، دمیاط، غربیہ اور سوئز رہے۔ تاہم اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پیدائش کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
