لاہور۔8مئی (اے پی پی):پنجاب بھرمیں 1261ٹریفک حادثات میں 15افراد جاں بحق1261زخمی ہوئے ہیں۔ ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گز شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1261ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 615افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔846معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (75فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔
ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 866ڈرائیوز،59کم عمرڈرائیور،452مسافراور156 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ262ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت314متاثرین کے ساتھ پہلے،فیصل آباد 100حادثات میں 109متاثرین کے ساتھ دوسر ے، ملتان 77حادثات میں 83متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1476متاثرین میں 1199مرد اور277خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 267افراد کی اوسط عمر18سال سے کم 799 افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ410زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1323موٹرسائیکلز،89آٹورکشے،156کاریں،35وین،11مسافر بسیں،40ٹرک اور60دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔
