قدرت کا کرشمہ، راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں ایک ماں نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دے دیا، جن میں 4 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ منفرد واقعے کے بعد خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ اسپتال میں بھی یہ خبر توجہ کا مرکز بن گئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ماں اور چاروں بیٹے مکمل طور پر صحت مند ہیں، جبکہ نومولود بیٹی کو احتیاطی طور پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام بچوں کو 72 گھنٹوں کے لیے نرسری میں رکھا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کی خصوصی نگرانی جاری ہے۔ والدین ہارون اور مسز ہارون اپنے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش پر بے حد خوش اور جذباتی دکھائی دیے۔
ڈاکٹروں کے مطابق بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ایک نایاب اور پیچیدہ طبی عمل ہوتا ہے، جس کے لیے خصوصی طبی سہولیات اور مسلسل نگرانی ضروری ہوتی ہے۔
