پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال سے ڈپٹی امریکی نمائندہ تجارت رک سوئٹزر نے ورچوئل ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، متوازن تجارتی معاہدے اور مستقبل کے اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار عالمی کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور امریکا کے ساتھ تجارت کے نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
امریکی حکام نے بھی اس موقع پر پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع امکانات کو تسلیم کیا۔ امریکی نمائندہ تجارت رک سوئٹزر نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے عالمی تجارت میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک باہمی فائدہ مند اور مستقبل پر مبنی تجارتی فریم ورک وقت کی ضرورت ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔
سیکرٹری تجارت جواد پال کے مطابق تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں، تاہم چند امور پر مزید پیشرفت کی ضرورت باقی ہے۔ دونوں ممالک نے مثبت روابط جاری رکھنے اور آئندہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
