برطانوی جریدے ڈیلی میل نے دعویٰ کیا ہے کہ 52 سالہ ایوارڈ یافتہ اسکرین رائٹر جمائما گولڈ اسمتھ نے دستاویزی فلم کے پروڈیوسر کیمرون او ریلی سے منگنی کرلی ہے۔
برطانوی جریدے ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 62 سالہ کیمرون او ریلی آئرش-آسٹریلیا کے فنانسر ہیں جو نامور میڈیا پرسن اور بین الاقوامی رگبی اسٹار آنجہانی سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ’کہا جا رہا ہے کہ چار بچوں کے والد کی کئی دستاویزی پروگرامز اور فلموں کے سلسلے میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے کردار میں جمائما سے ملاقاتیں ہوئیں‘۔
ان کے مشترکہ دوستوں کا کہنا ہے کہ جوڑا اپنا وقت سوئٹزرلینڈ اور مغربی لندن میں موجود اپنے گھروں میں وقت گزارتا اور ایک ساتھ بہت خوش’ ہے۔
ان میں سے ایک دوست نے ڈیلی میل کو بتایا ‘دونوں پہلی بار کام کے سلسلے میں ملے تھے، پھر دونوں کی دوستی ہوگئی جب کہ ایک سال سے وہ ایک جوڑے کے طور پر ایک ساتھ رہ رہے ہیں، 62 سالہ کیمرون او ریلی بہت پرائیویٹ شخص ہے اور جمائما ان کی پرائیویسی کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔’
رپورٹ کے مطابق جمائما کے بھائی رابن برلی جو لندن کلب 5 ہرٹ فورڈ اسٹریٹ کے مالک سمیت خاندان کے بہت سے افراد نے مسٹر او ریلی سے ملاقات کی اور ان کے درمیان بہت اچھی بات چیت ہوئی۔
آکسفورڈ گریجویٹ مسٹر او ریلی نے 2000 میں چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے سبکدوش ہونے سے پہلے اپنے والد کی میڈیا ایمپائر، انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا اور بعد میں آسٹریلوی گروپ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں کام کرتے ہوئے ایک دہائی گزاری۔
2003 میں انہوں نے سوئس میٹرنگ کمپنی Landis+Gyr کو خریدتے ہوئے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ Bayard Capital شروع کیا، انہوں نے 2011 میں توشیبا کو 2.3 بلین ڈالر میں فروخت کرنے سے پہلے چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دیں۔
دوستوں کو امید ہے کہ یہ منگنی جمائما کے لیے خاص طور پر دستاویزی فلم سازی میں ان کی مشترکہ دلچسپی کی وجہ سے نئے باب کا آغاز ہو سکتی ہے۔
